نئی دہلی،12؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس لیڈر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کا معاملہ دہلی ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔دہلی ہائی کورٹ نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی سنندا پشکر موت کے معاملے میں دائر مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے وزارت داخلہ، سی بی آئی اور دہلی پولیس سے معاملے سے متعلق جانچ پر جواب دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔اگر بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی عرضی میں کی گئی اپیل کو دہلی ہائی کورٹ نے قبول کر لیا، تو سی بی آئی کی قیادت میں ایس آئی ٹی سنندا کی موت کے راز کی تحقیقات کر سکتی ہے۔سنندا پشکر کی پراسرار موت کے ساڑھے تین سال گزرنے کے بعد سبرامنیم سوامی کی دہلی ہائی کورٹ میں سی بی آئی جانچ کے لیے دائر کی گئی درخواست پر کورٹ نے دہلی پولیس، وزارت داخلہ کو نوٹس بھیجا ہے۔دہلی پولیس سے کورٹ نے اب تک کی تحقیقات کی اسٹیٹس رپورٹ بھی مانگی ہے۔دہلی پولیس اس معاملے میں اب تک اس معاملے میں چارج شیٹ بھی داخل نہیں کر پائی ہے۔کورٹ نے اس معاملے میں مرکزی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کو اگلی سماعت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔کورٹ نے دہلی پولیس سے اب تک کی تحقیقات کی اسٹیٹس رپورٹ بھی دینے کو کہا ہے،حالانکہ ہائی کورٹ نے سبرامنیم سوامی کو یہ بھی کہا کہ آپ عدالت اتنی تاخیر سے کیوں آئے؟ سوامی نے کہا کہ وہ ساری کوششیں کرنے کے بعد آخر میں کورٹ کی پناہ میں آئے ہیں۔سوامی نے کہا کہ ششی تھرور اب بھی ایم پی ہیں اور ان کی ریاست میں انہی کی پارٹی کی حکومت ہے، لہذا شروع سے اب تک جانچ کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پشکر موت سے پہلے آئی پی ایل سے متعلق گھوٹالے کا انکشاف کرنا چاہتی تھیں، جس میں کئی بڑے نام شامل تھے۔سبرامنیم سوامی نے کورٹ میں یہ بھی دلیل دی کہ پشکر کی موت جنوری 2014میں ہوئی، جبکہ دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر 2015میں درج کی۔وہیں موت کے بعد دہلی پولیس کی طرف سے کسی قسم کی ویجلینس جاچ نہیں کی گئی،نہ ہی کوئی کمیٹی بنائی گئی اور جس دن پشکر کی موت ہوئی، اس دن ان کے ہوٹل کے فلور کا سی سی ٹی وی کیمرہ خراب تھا۔ایسے میں پشکر کی موت کن وجوہات سے ہوئی، یہ جاننا بہت اہم ہے۔فی الحال، یہ دیکھنا کافی اہم ہوگا کہ پشکر کی موت سے منسلک جانچ رپورٹ میں تمام ایجنسیاں اپنا کیا موقف رکھتی ہیں،20؍جولائی کو معاملے کی اگلی سماعت ہوگی۔